ویب سائٹ براوزنگ کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے براوز گوگل کروم کے صارفین کو ماہرین نے خبردار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ براؤزر میں اضافی طور پر استعمال کیے جانے والے ایکسٹینشن صارفین کا پاسورڈ اور دیگر حساس معلومات چرا سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ونسکونسِن-میڈیسن کے محققین کی جانب سے سائبر سیکیورٹی کے حوالے جاری کی گئی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 17 ہزار 300 کے قریب کروم براؤزر ایکسٹینشن گوگل، فیس بک اور ایمازون سمیت درجنوں ویب سائٹ سے پاسورڈ اور دیگر حساس معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ ایکسٹینشن صارفین سے تمام ویب سائٹ پر ان کے ڈیٹا تک رسائی یا ڈیٹا پڑھنے کی اجازت لیتے ہیں جس کے بعد یہ ایکسٹینشن ان ویب سائٹ میں درج کی جانے والی معلومات باآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔
ایمازون کے معاملے میں صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات ویب سائٹ کے سورس کوڈ میں واضح ہوتی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ اس قسم کے براؤزر ایکسٹینشن اس معلومات کو باآسانی حاصل کرسکتے ہیں اور سائبر مجرمان کو فراہم کر سکتے ہیں۔