ٹی 20 سیریز، پاکستانی ویمن ٹیم کا جنوبی افریقہ کیخلاف وائٹ واش


کراچی: پاکستان نے وائٹ واش کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز تین صفر سے جیت لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے اور آخری ویمن ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے مسلسل تیسرے میچ میں بھی دھواں دار بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنا لیے۔

سدررا امین اور بسمہ معروف نے 39 ،39 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان ندا ڈار نے 20 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 36 رنز بنائے۔ جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ شوال ذوالفقار نے 19 اور منیبہ علی نے 8 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر  144 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان لورا والوارڈٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 72 رنز بنائے جس میں 9 چوکے بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سپر 4 مرحلہ: پاک بھارت میچ ہر صورت کروانے کا فیصلہ

ناڈین کلارک نے 20، ٹرمین برٹس نے 18، سن لوس نے 13 اوراینکے بوچ نے 10 رنز بنائے جبکہ نشرح سندھو نے 16 اور سعدیہ اقبال نے 25 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ایک روزہ بین الاقوامی ویمن سیریز کا پہلا میچ 8 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں