تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 59 رنز سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں افغان ٹیم پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 269 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 209 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
افغانستان کی جانب مجیب الرحمان نے شاندار 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے شاداب نے تین جب کہ نواز اور فہیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا جس کے کچھ دیر بعد 9 ویں اوور میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گر گئی جب فخر زمان 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 52 رنز پر گری جب امام الحق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر بابراعظم اور محمد رضوان نے 110 رنز کی شراکت داری قائم کی،بابر نے 60 جب کہ رضوان نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔
اننگز کے آخر میں آغا سلمان اور نواز نے جارح انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کا ٹوٹل 268 رنز تک پہنچا دیا۔
افغانستان کی جانب سے فرید احمد اور گلبدین نائب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔