انتخابات2018: کاغذات کے اجرا اور وصولی کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری

انتخابات2018: کاغذات کے اجرا اور وصولی کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ملک بھرمیں عام انتخابات 2018 میں شمولیت  کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری ہے۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں اپنے تگڑے پہلوان سیاسی میدان میں اتار دیے ہیں اور دونوں پارٹیوں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ قومی اسمبلی کی چھ سیٹوں کے لیے 36  اور صوبائی اسمبلی کے 14 نشستوں کے لیے اب تک 59 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔  قومی اسمبلی کی چھ نشستوں کے لیے 100 سے زائد صوبائی اسمبلی کی 14 سیٹوں کے لیے 250 سے زائد افراد نے کاغذات حاصل کیے تھے۔

گوجرانوالہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 میں ن لیگ کے ڈاکٹر نثار چیمہ اور پی ٹی آئی کے احمد چٹھہ میں سیاسی دنگل ہوگا۔ این اے 80 میں محمود بشیر ورک شیر کے نشان پر اور میاں طارق محمود بلے کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔

گوجرانوالہ این اے 81 میں ن لیگ کے خرم دستگیر اور تحریک انصاف کے خواجہ محمد صالح آمنے سامنے ہوں گے۔ قومی اسمبلی  کے حلقہ این اے 82 میں بیرسٹر عثمان ابراہیم شیر کے ساتھ اور بیرسٹر علی اشرف مغل بلے سے قسمت آزمائی کریں گے۔

گوجرانوالہ این اے 83 سے ن لیگ کے ذوالفقار بھنڈر اورتحریک انصاف کے رانا نذیر احمد خاں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 84 میں ن لیگ کے اظہر قیوم ناہرہ اور پی ٹی آئی کے چوہدری بلال اعجاز میں بڑا انتخابی معرکہ ہوگا

گوجرانوالہ دونوں بڑی جماعتوں کے ٹکٹ ہولڈرز آج سے باقاعدہ الیکشن کمپین کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب پشاور سےقومی اسمبلی کی پانچ  نشستوں کے لیے 22 اور صوبائی اسمبلی کی 14 نشستوں کے لیے 110   امیدوار درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔ پشاور سے قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں کے لیے150 اور صوبائی اسمبلی کی 14 نشستوں کے لیے 500  امیدواروں نے کاغذات حاصل کیے تھے۔ امیدوارگیارہ  جون تک کاغذات وصول اور جمع کراسکتے ہیں اور کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 12 جون سے شروع ہوگی۔

 


متعلقہ خبریں