حکومت نے ملک بھر میں ہر طرح کے موبائل فونز آسان قسطوں پر دینے کے حوالے سے سفارشات طلب کر لی ہیں ۔
مقامی اخبار جنگ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی میں ڈائریکٹر جنرل ایم او آئی ٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔
جس میں تمام موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومت آسان قسطوں پر موبائل فون دینے کے حوالے سے قانون سازی کرنا چاہتی ہے۔
اس قانون سازی کے بعد پاکستان بھر کے شناختی کارڈ رکھنے والے تمام افراد کمپنیوں سے موبائل فون قسطوں کے ذریعے حاصل کر سکیں گے اور قسط ادا نہ کرنے یا ڈیفالٹر ہونے کی صورت میں موبائل فون صارف کا شناختی کارڈ یا پھر موبائل فون کی آئی ایم ای آئی کو بلاک کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں تمام محکموں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔