واٹس ایپ نے اسکرین لاک فیچر متعارف کرا دیا


واٹس ایپ نے صارفین کو مزید بہتر سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اسکرین لاک کا فیچر متعارف کروا دیا تاکہ پیغامات تک غیر افراد کی رسائی نہ ہوسکے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ نیا فیچر فی الحال صرف واٹس ایپ ویب بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہوگا اور نئے فیچر کے ذریعے غیرمصدقہ اشخاص ایپ تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے کیوں کہ رسائی کے لیے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ معلوم ہونا لازم ہو گا۔

اسکرین لاک فیچر کا اعلان پچھلے سال کیا گیا تھا تاہم اب اسے باقاعدہ طور پر لانچ کیا گیا ہے۔ میٹا کی ملکیت کمپنی نے بتایا کیا کہ یہ اپ گریڈیشن فی الحال صرف بیٹا پروگرام کے صارفین کے لیے ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے پچھلے سال اسکرین لاک آپشن سے متعلق ایک آرٹیکل شیئر کیا تھا یہ ایک ایسا فیچر ہے جو واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ بیٹا کے لیے ہے۔

پاس ورڈ کے ذریعے ایپ کو غیرمجاز رسائی سے دور رکھا جاسکے گا، واٹس ایپ نے طویل ٹیسٹنگ کے بعد اس فیچر کو بیٹا صارفین کے لیے ریلیز کردیا ہے۔

صارفین واٹس ایپ سیٹنگ میں جا کر پرائیویسی ٹیب کے ذریعے مشاہدہ کرسکتے ہیں کہ یہ فیچر دستیاب ہے یا نہیں، لاک کے ایکٹیو ہونے کے بعد اضافی سیٹنگ کو اپنے طور پر ترتیب دیا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں