کرکٹرز کی تنخواہوں میں 4 گناہ اضافہ کیے جانے کا امکان


پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت ٹاپ کرکٹرز کو ماہانہ 45 لاکھ روپے ریٹینر شپ فیس کی پیشکش کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابقہ کنٹریکٹ کے تحت ریڈ بال پلیئرز کا ماہانہ معاوضہ ساڑھے 10 لاکھ اور وائٹ بال کا ساڑھے 9 لاکھ روپے دیا جاتا تھا تاہم اب چیئرمین ذکا اشرف نے کھلاڑیوں کیلئے تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کا یقین دلایا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ کنٹریکٹ میں فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، ٹیسٹ میچ فیس 8 لاکھ 38ہزار 530، ون ڈے انٹرنیشنل 5 لاکھ 15 ہزار 696 جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل فیس 3 لاکھ 72 ہزار 75 روپے تھی، جو کہ تمام کیٹیگریز کے پلیئرز کو یکساں ملتی تھی۔

بابراعظم کے والد نے انہیں لنکا پریمئر لیگ کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

دوسری جانب بورڈ کے کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو سال میں ایک لیگ کا این او سی، بی کیٹیگری کو دو لیگز جبکہ سی کیٹیگری کو سالانہ تین لیگز میں شرکت کی اجازت تھی۔

بورڈ کے اعلیٰ حکام اس حقیقت سے واقف ہیں کہ آئی پی ایل میں عدم شرکت کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز دنیا کے دیگر ٹاپ اسٹارز کی طرح کمائی نہیں کرپا رہے، 100 فیصد ازالہ تو ممکن نہیں مگر بورڈ چاہتا ہے کہ ان کو بھی بڑی رقم دی جائے جس سے مالی آسودگی حاصل ہو۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس آئندہ ہفتے جاری کرے گا،ذرائع کے مطابق پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹس میں ریڈ بال اور وائٹ بال کی الگ الگ تقسیم ختم کر دی گئی ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹس 2024-2023 میں 4 کیٹگریز بنائی جارہی ہے، اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ میں 4 گناہ اضافہ کیے جانے کا امکان ہے، اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ 45 لاکھ روپے کے قریب رقم ملے گی۔

اے کیٹیگری میں بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ 30 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا، سی اور ڈی کیٹیگری کھلاڑی ساڑھے 7 سے 15 لاکھ روپے تک ماہانہ تنخواہ حاصل کریں گے۔

سینٹرل کنٹریکٹس میں غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی تبدیلی کا امکان ہے، ذرائع پی سی بی کے مطابق قومی کھلاڑی کتنی لیگز میں حصہ لے سکیں گے اس پر بھی بات چیت جاری ہے۔


متعلقہ خبریں