ایشین والی بال چیمپیئن شپ، 14 رکنی قومی ٹیم کا اعلان


لاہور: ایشین والی بال چیمپیئن شپ کے لیے پاکستان کی 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔

ایشین والی بال چیمپیئن شپ 19 سے 26 اگست تک ایران میں ہو گی جس میں شرکت کے لیے قومی ٹیم 11 اگست کو ایران روانہ ہو گی۔ پاکستان پہلے راؤنڈ میں 20 اگست کو بنگلا دیش اور 21 اگست کو جنوبی کوریا سے مقابلہ کرے گا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کے مطابق ایک ہفتہ قبل روانگی کا مقصد پریکٹس میچز کھیل کر بہتر تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے، انہوں نے تصدیق کی کہ ایونٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم فائنل کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کر دی

پاکستانی والی بال ٹیم میں مبشر رضا، عثمان فریاد، آفاق خان، مراد جہاں، ناصر علی، بلال خان، حامد یزمان، کاشف نوید، عبدالظہیر، محمد حماد، مصور خان، مراد خان، فاروق حیدر اور دیانت علی شامل ہیں۔

برازیل کے اسانائی ریمیریس فیراز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ برازیل کے فزیکل ٹرینر لوکاس روڈریگیز بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے اس کے علاوہ پاکستان والی بال ٹیم کو ایرانی ویڈیو اینالسٹ آرمین گولکاری کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔


متعلقہ خبریں