اسلام آباد: عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، ملاقات میں عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری بھی شریک تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی شہریوں کی کثیر تعداد زیارات کے لیے عراق کا رخ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے پاکستان کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی
اس دوران عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ زائرین کے لیے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
ملاقات میں عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی یقینی بنانے کے لیے وزارت انصاف کو ہدایات دے دیں۔