سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے طواف کو آسان بنانے اور اس کے لیے پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے 6 نکات پر مبنی ہدایات جاری کی ہیں۔
العربیہ اردو کے مطابق وزارت حج نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ٹویٹر‘ کے ذریعے مزید کہا کہ طواف کے لیے ایک پرسکون راستہ تیار کرنے کے لیے طواف سے پہلے، دوران اور بعد میں کئی طریقوں کو متعارف کرایا گیا ہے۔
وزارت نے مشورہ دیا کہ طواف کرنے سے پہلے صحن مطاف میں ہجوم ہونے پر بالائی منزل والے مطاف کی طرف جانا ضروری ہے۔ زائرین اس وقت تک مطاف میں داخل ہونے کا انتظار کریں جب تک آمد ورفت کا راستہ نہ ملے۔
وزارت حج نے اس بات پر زور دیا کہ طواف کے دوران ٹریک پر چلنا اور مخالف سمت میں نہ جانا افضل ہے۔ طواف کرنے والوں اور اس کے آگے طواف کرنے والوں کے درمیان فاصلہ چھوڑنے میں احتیاط برتی جائے۔
جہاں تک طواف کے بعد کا تعلق ہے تو طواف کرنے والے کو طواف جاری رکھنا چاہیے جب تک کہ کوئی مناسب خروج نہ ہو اور طواف کرنے والا اسی بہاؤ سے نکلے جس کے ساتھ وہ داخل ہوا تھا۔