جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ باجوڑ حادثے میں جے یو آئی کے 60 کارکن شہید جبکہ 200 کے قریب زخمی ہیں، باجوڑ دھماکا افسوسناک ہے، یہ حالات کا ایک جبر ہے اور تاریخ کا سیاہ واقعہ ہے، آزمائشیں قوموں پر آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے باوجود کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کو اعلیٰ مقام نصیب فرمائے، آزمائش کی گھڑی میں قوم کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سطح پر بھی واقعے کی مذمت کی گئی، جنہوں نے ٹارگٹ کیا انہوں نے ذمہ داری قبول کی ہے، اسلحے کی جنگ کو غیر شرعی قرار دیتے ہیں، کسی کو حق نہیں بے گناہ مسلمان کا خون بہائے، پوائنٹ سکورنگ نہیں سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں، اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، دلیل کی بنیاد پر یہ جنگ جیتیں گے، بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام اپنا نظریہ نہیں چھوڑے گی، ہم نے کارکنوں کو پرامن رہنے کا پیغام دیا ہے، ہم نے دہشت گردی کا جواب دہشت گردی کے انداز میں نہیں دینا۔