سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اورنواز شریف کی تلخیوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے، جب تک یہ تلخیاں کم نہیں ہوتیں پاکستان میں الیکشن ہونا کیسے ممکن ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن ہو بھی گئے تو اس کے نتیجے میں کوئی بھی مسئلہ کیسے حل ہوگا۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر جمہوریت اور انتخابات کا ماحول ہی نہیں ہے، فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو کیسے نارمل کرنا ہے۔ اس لیے الیکشن سے قبل میثاق جمہوریت کیا جائے، میثاق جمہوریت سے چیئرمین پی ٹی آئی، اسٹیبلشمنٹ اور نوازشریف میں دوریاں کم ہوں، ایسے الیکشن کا کیا فائدہ، اس سے بہتر ہے کہ مجلس شوریٰ بنالیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہبازشریف اور راجہ ریاض کی مرضی سے حکومت بنے گی اور وہ الیکشن کرائے گی، پاکستان کے مسائل پر تو ہم بات ہی نہیں کر پارہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری آپس کی جو لڑائیاں ہیں ہم ان سے ہی باہر نہیں نکل رہے، ان اپاہج حالات میں پاکستان کا الیکشن کی جانب جانا یا نا جانا غیرمتعلقہ ہے اس لیے پہلے تلخیاں ختم کرنا ہوں گی۔