آج رات سے 22 جولائی تک ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی


محکمہ موسمیات نے آج رات سے 22 جولائی تک ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں آج منگل کی رات ملک میں داخل ہوں گی، مون سون ہوائیں 19 جولائی کو شدت اختیار کریں گی۔

آج سے کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔حکام کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کے بعض اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے جبکہ 20 سے 22 جولائی کے دوران بلوچستان اورسندھ میں بارش ہوسکتی ہے۔

شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور کراچی میں باران رحمت برسنے کا امکان ہے،موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کابھی خطرہ ہے۔ سیاحوں کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

خیبرپختونخوا میں 19جولائی سے مون سون بارشوں کا نیاسلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔بارشوں سے پشاور،چارسدہ، نوشہرہ، اور مردان کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

18 سے 23 جولائی تک پنجاب بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران قریشی کا کہنا تھا کہ مون سون ہوائیں منگل 18 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو کہ 19 جولائی رات تک شدت اختیار کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 18جولائی کی رات سے 23جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، قصور، سرگودھا،فیصل آباد، ساہیوال، میانوالی ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، بہاولنگر اوکاڑہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھاکہا کہ 19جولائی سے 21جولائی کے دوران ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور،راجن پور، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، اور رحیم یار خان میں بھی بارش کا امکان ہے اور اسی دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 18 سے 22 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جبکہ مری، گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے،مری میں ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے جاری کردہ احتیاطی تدابیر بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں اور سیاح بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں جبکہ شہری بارش کے دوران دریاں اور نہروں میں نہانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران یا بھیگے کپڑوں میں بجلی کے کھمبوں،تاروں اور برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں اور اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں۔


متعلقہ خبریں