121 سال پرانی چاکلیٹس کو نیلامی کیلئے پیش کر دیا گیا


برطانیہ: 121 سال پرانی چاکلیٹس کو نیلامی کے لیے پیش کر دیا گیا جو 1902 میں 9 سالہ طالبہ کو دیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چاکلیٹوں کا 121 سال پرانا بالکل محفوظ شدہ ٹن کا ڈبہ کیڈبری کمپنی نے 1902 میں کنگ ایڈورڈ VII اور ملکہ الیگزینڈرا کی تاجپوشی کا جشن منانے کے لیے تیار کیا تھا۔

چاکلیٹ کے اس ڈبے کو 1902 میں ایک اسکول میں 9 سالہ میری این بلیک مور نامی طالبہ کو دیا گیا تھا جس نے چاکلیٹس کھانے کے بجائے یادگار کے طور پر رکھ لیا۔

چاکلیٹ کا یہ ڈبہ میری این بلیک مور کے خاندان میں نسل در نسل منتقل ہوتا رہا تاہم اب میری این بلیک مور کی 72 سالہ پوتی جین تھامسن ڈربی میں ہینسن نیلام گھر میں اس ڈبے کو لے آئیں۔

ہینسن نیلام گھر سے تعلق رکھنے والی موروین فیئرلی کا کہنا ہے کہ اُس زمانے میں یہ ایک  دعوت کی طرح تھا اور بچوں کو کبھی چاکلیٹ نہیں ملتی تھی اور اس زمانے میں یہ چھوٹی بچی کے لیے اتنا خاص تحفہ تھا کہ اس نے سوچا وہ اسے سنبھال کر رکھے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس چاکلیٹس کے ڈبے کی قیمت 100 یورو سے 150 یورو ہو گی تاہم اس کی قیمت زیادہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ بولی لگانے والے ایسے لوگ بھی مل جاتے ہیں جو تاریخی پس منظر کی وجہ سے کسی چیز کی قیمت  کئی گنا بڑھا دیتے ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں