کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی سے کامیاب ہونے والے یونین کونسل (یو سی) چیئرمین اسد امان نے الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین اسد امان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو کوئی نہیں خرید سکتا، میں پارٹی کا حصہ ہوں اور رہوں گا، الزامات لگتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے قائد کے مشن کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں 9 مئی واقعے کے بعد سے گھر سے باہر ہوں اور کسی ڈیفنس کے بنگلے میں ںہیں ہوں۔ ہم پر خواہ مخواہ الزام لگایا جاتا رہا اور میں الزام لگانے والوں کے خلاف عدالت جاؤں گا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی فٹبال ٹیم کی گول کیپر بھی جناح ہاؤس حملے میں ملوث نکلی
اسد امان نے کہا کہ مجھے پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس دیا گیا ہے جس کا 3 روز میں جواب دے دوں گا۔ پارٹی کا فیصلہ مانیں گے اور سارے سوالات کا جواب بھی دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کونسل اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا اور ان کے ساتھ بیٹھنے کا سوال بھی پیدا نہیں ہوگا۔ پارٹی کا جو فیصلہ ہو گا اسے ہی مانوں گا اور فیصلے کا ساتھ دوں گا۔
واضح رہے کہ 15 جون کو کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 32 ارکان غیر حاضر تھے، جن میں سے 31 کا تعلق پی ٹی آئی اور ایک کا تعلق ٹی ایل پی سے تھا جبکہ فردوس شمیم نقوی نے حاضر ہونے کے باوجود اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔