آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا

احمد آباد: بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ ممکنہ طور پر 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

بابر سے سیکھیں، ناصر حسین کا بھارتی بیٹرز کو مشورہ

کرکٹ کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق رواں برس شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ چھ اکتوبر کو کوالیفائی کرنے والی ٹیم کے ساتھ حیدر آباد دکن میں کھیلے گا، اسی طرح انڈیا میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ آٹھ اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز پانچ اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہو گا۔

وسیم اکرم نے بابر اعظم کو پاکستان کا برائن لارا قرار دے دیا

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈ کپ کے شیڈول کا ڈرافٹ آئی سی سی سے شیئر کر دیا ہے جس کے بعد اسے ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے بورڈز کو بھجوایا جائے گا جب کہ حتمی شیڈول اگلے ہفتے کے آغاز میں جاری کیا جائے گا۔

ڈرافٹ شیڈول میں ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل کے وینیوز کا اعلان نہیں کیا گیا ہے،  ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز ممکنہ طور پر 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے، ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں ہوگا۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے میچز حیدر آباد دکن، کولکتہ، چنئی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے گا۔

میگا ایونٹ میں پاکستان کے میچز کی بات کی جائے تو بابر اعظم کی ٹیم چھ اکتوبر کو حیدر آباد دکن میں کوالیفائر ٹیم سے اپنا پہلا میچ کھیلے گی، اسی طرح 12 اکتوبر کو گرین شرٹس کا مقابلہ دوسری کوالیفائر ٹیم سے حیدر آباد دکن میں ہی ہو گا۔

پاکستان 15 اکتوبر کو اپنا تیسرا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف احمد آباد میں کھیلے گا جب کہ اس کا چوتھا میچ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں ہو گا۔ 23 اکتوبر کو پاکستان افغانستان کے خلاف چنئی میں اپنا پانچواں میچ کھیلے گا جب کہ 27 اکتوبر کو گرین ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے خلاف چنئی میں ہی ہو گا۔

پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنا ساتواں میچ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گی جب کہ اس کا آٹھواں میچ بنگلور میں نیوزی لیںڈ کے خلاف پانچ نومبر کو ہو گا۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا آخری راؤںڈ میچ 12 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گا۔

ویب سائٹ کرک انفو کو ملنے والی معلومات کے مطابق انڈیا اپنے ورلڈ کپ کے میچ نو مختلف شہروں میں کھیلے گا۔

محمد رضوان کی نیویارک کی سڑک پر نماز پڑھتے ویڈیو وائرل

ڈرافٹ شیڈول کے تحت بھارت کے میچز کا جائزہ لیا جائے تو میزبان ٹیم آٹھ اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔،اس کے بعد انڈیا کا افغانستان سے نئی دہلی میں 11 اکتوبر کو مقابلہ ہو گا۔

بھارت اپنا تیسرا میچ روایتی حریف پاکستان کے خلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلے گا، اسی طرح بھارت کا چوتھا میچ 19 اکتوبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہو گا۔

2011 کی عالمی چیمپیئن ٹیم اپنا پانچواں میچ 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے گی جب کہ اس کا چھٹا میچ 29 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف لکھنؤ میں ہو گا۔ دو نومبر کو انڈین ٹیم کوالیفائر ٹیم کے خلاف اپنا ساتواں میچ ممبئی میں کھیلے گی جب کہ اس کا آٹھواں میچ پانچ نومبر کو کولکتہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہو گا۔

ڈرافٹ کے تحت انڈٰین ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری راؤںڈ میچ 11 نومبر کو بنگلور میں کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈ کپ کے دیگر بڑے میچز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا 29 اکتوبر کو دھرم شالہ میں میچ شیڈول ہے جب کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ چار نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ یکم نومبر کو پونے میں ہو گا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے شروع ہونے میں ابھی چار ماہ باقی ہیں تاہم اس کا حتمی شیڈول ابھی تک نامعلوم وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہے۔

ایشیا کپ اور ورلڈ کپ، نجم سیٹھی کے سوالات پر آئی سی سی کے دونوں بڑے عہدیدار لاجواب

یاد رہے کہ 2015 اور 2019 کے ورلڈ کپ کا شیڈول ایونٹ سے ایک سال قبل جاری کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں