اسٹیٹ بینک کا شرح سود 21 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ

State Bank

اسٹیٹ بینک نے اگلے دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 21 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود بڑھانے کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد اگلے دو ماہ کے لیے شرح سود 21 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اسٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپریل اور مئی 2023 میں مہنگائی توقعات کے مطابق اپنے عروج پر رہی، کمیٹی سمجھتی ہے کہ مئی کی 38 فیصد مہنگائی کی شرح بلند ترین تھی، مزید یہ کہ کمیٹی توقع کرتی ہے کہ ملکی طلب کم رہے گی جس کا سبب سخت مانیٹری پالیسی، ملکی غیر یقینی کی صورتحال اور بیرونی کھاتوں پر مسلسل دباؤ ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے مالی سال 2023 میں قومی پیداوار خاطر خواہ کم ہوئی ہے، جاری کھاتوں کا توازن مارچ اپریل میں مثبت رہا جس کے باعث زرمبادلہ پر دباؤ کم ہوا ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ معمولی سکڑاؤ کی نشاندہی کر رہا ہے، عالمی بازار میں اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہے گا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp