اسلام آباد اور کراچی تارکین وطن کے لیے دنیا کے سستے ترین شہر قرار


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی کو تارکین وطن کے لیے سب سے سستے شہر قرار دیے گئے ہیں۔Mercer نامی ادارے کے سالانہ سروے میں ہانگ کانگ کو تارکین وطن کے لیے دنیا میں مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا۔

ہانگ کانگ کے بعد سنگاپور دوسرا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ سوئس شہر زیورخ تیسرے نمبر پر رہا،چوتھے اور پانچویں نمبر پر بھی سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا اور باسل رہے جبکہ نیویارک چھٹا مہنگا ترین شہر قرار پایا۔

اس سروے میں دنیا بھر کے 400 سے زیادہ شہروں میں 200 اشیا کی قیمتوں کا موازنہ کیا گیا تھا،اسلام آباد (پہلے) اور کراچی (دوسرے) تارکین وطن کے لیے دنیا کے سب سے سستے شہر رہے جبکہ کیوبا کا شہر ہوانا تیسرے نمبر رہا۔

کرغزستان کا شہر بشکیک چوتھے، تاجکستان کا شہر دوشبنے 5 ویں جبکہ نمیبیا کا شہر ونڈہوک چھٹے نمبر پر رہا،سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں سخت مانیٹری پالیسیوں اور مالیاتی فیصلوں کے باعث 2023 میں ذاتی آمدنی کی شرح متاثر ہوئی ہے جبکہ بیروزگاری بڑھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیشتر ممالک پر قرضوں کا بھاری بوجھ ہے جبکہ مہنگائی کی شرح بھی عروج پر نہیں پہنچی،یوکرین پر روس کے حملے، مہنگائی کی شرح اور ایکسچینج ریٹ میں مسلسل تبدیلیوں کے باعث تارکین وطن کی تنخواہوں اور بچت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

سروے میں بتایا گیا کہ دبئی اس سال تارکین وطن کے لیے 18 واں مہنگا ترین شہر ثابت ہوگا، گزشتہ سال یہ 31 ویں نمبر پر تھا،سعودی عرب کے شہر ریاض اور جدہ بالترتیب 85 ویں اور 101 ویں نمبر پر ہیں۔


متعلقہ خبریں