عوام کو خوشخبریاں مل رہی ہیں، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی افراتفری ختم ہونے کے بعد عوام کو خوشخبریاں مل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اچھے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عوام کو آٹا 35 روپے کلو اور چینی 52 روپے کلو ملے تاہم اشیا کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح سیاسی اور معاشی استحکام ہے لیکن سوئچ آن آف کر کے معیشت کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا اور معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ نااہلی کے اثرات ہمیں ورثے میں ملے ہیں کیونکہ گزشتہ حکومت معیشت کا بیڑہ غرق کر کے گئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کیا اور پھر اس کی خلاف ورزی کی تاہم اب مشکل معاشی صورتحال میں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے بات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف سماجی رہنما کو مسلح افراد ساتھ لے گئے، اہلیہ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ 2 ہفتے سے عوام کو خوشخبریاں مل رہی ہیں، وزیر اعظم نے 1800 ارب کا کسان پیکیج دیا جس کے نتائج آ رہے ہیں اور آٹے کی فی کلو قیمت میں 35 سے 40 روپے کمی ہوئی ہے۔ کمرشل اور گھریلو صارفین کے لیے ایل پی جی سلنڈر میں نمایاں کمی ہوئی اور آج ڈالر کا ریٹ 27 روپے کم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 60 سے 70 روپے کمی کی گئی جبکہ گزشتہ حکومت ڈیفالٹ کے دہانے ملک کو چھوڑ کر گئے تھے لیکن ہم نے ڈیفالٹ نہیں ہونے دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نالائقوں اور نااہلوں نے معیشت کی بنیادوں کے اندر بارودی سرنگیں بچھائیں اور جب بھی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوتی تو یہ لوگ اس پر حملے کرتے۔ یہ نہیں چاہتے کہ کہیں اس ملک میں معیشت بہتر ہو جائے۔


متعلقہ خبریں