اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نیب راولپنڈی کے دفتر سے پولیس لائن لے جایا گیا۔ جہاں آج عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت پولیس لائن گیسٹ ہاؤس میں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، لاہور بار ایسوسی ایشنز کا ہڑتال کا اعلان
واضح رہے کہ عمران خان کو آج نیب عدالت کے سامنے پیش ہونا ہے لیکن حالات کی کشیدگی کے باعث انہیں پولیس لائن گیسٹ ہاؤس میں خصوصی عدالت لگا کر نیب جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور صرف عدالت کی جانب سے مجاز افراد کو عدالت کے احاطے میں داخلہ کی اجازت ہو گی۔
پولیس کے مطابق سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔