گزشتہ ایک سال میں سلیمان شہباز کے بیرون ملک کاروباری حجم میں ہوشربا اضافہ


وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حکومتی باگ دوڑ سنبھالنے کے بعد سے ان کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے بیرون ملک کاروباری حجم میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

ہم انویسٹی گیشن ٹیم نے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے بیرون ملک کاروبارکا پتہ لگا لیا۔

یو کے کمپینز ہاؤس دستاویزات کے مطابق سلیمان شہبازاور شراکت داروں کے بیرون ملک کاروبار کاحجم70 کروڑ روپے ہے اور ان کے کاروبار میں گزشتہ ایک سال میں 65 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

دستاویزات کے مطابق سیلمان شہباز نے برطانیہ میں 11کمپنیاں شراکت داروں کےساتھ مل کر بنائیں جن کا مجموعی کاروباری حجم 20 لاکھ پاؤنڈز ہے۔

دستاویزات کے مطابق سلیمان شہبازگزشتہ سال جون میں عمرریٹیل لمیٹڈ کےڈائریکٹرمقرر ہوئے تھے۔ اس کمپنی کا مجموعی بزنس ٹرن اوور 13 لاکھ 67 ہزار پاؤنڈز سے زائد ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہبازکے مزید 13 اکاؤنٹ منجمد کرنے کا حکم

یو کے کمپینز ہاؤس دستاویزات کے مطابق عمرریٹیل لمٹیڈ کے شیئرہولڈرزکے فنڈز 3لاکھ 19ہزار پاؤنڈزہیں۔

رابطہ کرنے پر سلیمان شہباز نے ہم انوسٹی گیشن ٹیم کے ہیڈ زاہد گشکوری کو بتایا کہ میں ایک کاروباری شخص ہوں اور برطانیہ میں رہتا ہوں اور اس ملک میں کوئی بھی قانونی کاروبارکرنے کا حق رکھتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ان سوالات کے جواب کا نہِیں معلوم جو آپ نے پوچھے ہیں،برطانوِی اداروں نے میرے کاروبار کے متعلق کبھی کوئی تحقیقات شروع نہیں کی،  اداروں نے صرف میرے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے تھے جو بعد میں کھول دیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کھاتے 18 ماہ کی طویل تحقیقات کے بعد کھولے گئے اور فیصلہ میرے حق میں آیا۔


متعلقہ خبریں