سورج کو گرہن لگنے والے ممالک میں آج چاند نظر نہیں آئے گا، ماہرین


فلکیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ جن ممالک میں آج سورج کو گرہن لگے گا وہاں شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج بروز جمعرات 20 اپریل کو سورج کو گرہن لگے گا۔ تاہم سورج گرہن لگنے کی وجہ سے مختلف ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا۔  ماہرین کے مطابق سورج گرہن چاند کی 29 تاریخ کو ہوتا ہے جس کے بعد اگلے روز نیا چاند نظر آتا ہے۔

انوکھی مسجد جس کی کھڑکیوں سے چاند دیکھا جاسکتا ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن صبح ساڑھے 6 بجے سے شروع ہوکر دوپہر 12 بجے ختم ہوگا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق اس کا آغاز صبح 6 بجکر 34 منٹ پر ہوا اور اس کا عروج صبح 9 بج کر 17 منٹ پر ہوگا۔

ماہرین کے مطابق کئی ممالک میں سورج گرہن لگنے کی وجہ سے آج شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا جس کے باعث عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ منائے جانے کا امکان ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سورج گرہن کے منفی اثرات کی وجہ سے آج دنیا کے کئی ممالک میں موسم خراب رہے گا۔

شوال کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

خیال رہے کہ کئی ممالک میں سورج کو گرہن لگنے کا عمل شروع ہوگیا ہے البتہ پاکستان اور بھارت میں نظر نہیں آئے گا۔ سورج گرہن آسٹریلیا، جنوبی مشرقی ایشیا، بحر الکاہل، بحر ہند اور انٹار کٹیکا کے کچھ حصوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں ہوگا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس ملک بھر میں مقررہ مقامات پر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں