اسلام آباد: 2 سال قبل انتقال کر جانے والے شخص کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کی پھرتیاں ایک بار پھر سامنے آ گئیں۔ 2 سال قبل 14 مارچ 2021 کو جرمنی میں انتقال کر جانے والے شخص کے خلاف مارچ 2023 میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مرحوم ملک اسلم پر مختلف افراد سے مبینہ طور پر جعل سازی کرنے کا الزام لگا کر مقدمہ درج کیا گیا۔
مدعی چوہدری فرخ رضا نے مرحوم ملک اسلم کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ چوہدری فرخ رضا چکری کا رہائشی ہے۔ جس نے اسلام آباد کے تھانہ رمنہ میں مرحوم ملک اسلم کے خلاف درخواست دی جس میں بتایا گیا کہ ملک اسلم نے جعلی کمپنی بنا کر رجسٹرڈ کرائی اور اس کے ذریعے فراڈ کرتا رہا۔
درخواست گزار کے مطابق ملک اسلم اس تمام کارروائی کے دوران ملک میں موجود نہیں تھا بلکہ وہ بیرون ملک ہی رہا تاہم پاکستان میں مختلف افراد کے ذریعے جعل سازی کے کام کرتا رہا۔
پولیس نے مرحوم ملک اسلم پر دفعہ 420، دفعہ 468، 471، 467 اور 109 کی دفعات لگائی ہیں۔