وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثے میں جاں بحق


وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں ۔

شاہراہ دستور پر ایک گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری،مفتی عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ذرائع کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ  چوک کی جانب جارہے تھے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گاڑی اور سوار افراد کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔

وزیر اعظم نے مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے ، مفتی عبدالشکور جے یو آئی (ف) کے متحرک اور نظریاتی رہنما وں میں شمار ہوتے تھے۔

انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دئیے،مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ،صدر مملکت نے مرحوم کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا،صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی ، صبر جمیل کی دعاکی۔


متعلقہ خبریں