مریم نواز لاہور سے، نواز شریف لندن سے عمرے کیلئے روانہ ہونگے


چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز آج لاہور سے عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گی جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے سعودی عرب پہنچیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق ن لیگ کی سینیئر نائب صدر آج غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گی۔ مریم نواز کے ہمراہ بیٹے جنید صفدر، شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، بیٹی مہرالنسا اور ماہ نور صفدر اور کچھ ملازمین ہوں گے۔

پاکستانی نوجوان عمرہ ادا کرنے پیدل سعودی عرب پہنچ گیا

لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ میں گزاریں گے۔ اسی کے ساتھ ساتھ نواز شریف اور مریم نواز سعودی عرب میں شاہی خاندان کے مہمان بھی ہوں گے۔

اس سے قبل مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قوتِ سماعت اور قوتِ گویائی سے محروم نوجوانوں کی ویڈیو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جب میں عمرے سے واپس آؤں تو برائے مہربانی ان خاص نوجوانوں کو مجھ سے ملاقات کروانے کے لیے لائیں۔ یہ میرے لیے ایک اعزاز اور خوشی کی بات ہوگی۔


متعلقہ خبریں