کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کونج سمیت دیگر نایاب پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
بھارتی سائنسدانوں کی کونج بلوچستان سے لاپتہ
اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ، ژوب اور قمردین کاریز میں کونج کا غیر قانونی شکار کیا جا رہا تھا جس کی اطلاع ملنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے سخت نوٹس لیا ہے۔
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کونج سمیت دیگر نایاب پرندوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، غیر قانونی طور پر کونج کے شکار کیلئے لگائے گئے کیمپس کو ختم کیا جائے۔
عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کا ہر صورت میں محاسبہ کیا جائے۔
سرخاب کا پر ہی نہیں آواز اور رقص بھی انوکھا ہے
واضح رہے کہ سائیبیریا اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے انتہائی سرد موسم کے باعث جو پرندے نقل مکانی کرتے ہیں ان میں کونجیں نمایاں ہیں لیکن بے رحمانہ شکار کی وجہ سے یہ پرندہ معدومیت کا بھی شکار ہے۔
اس وقت کونجوں کے غول بلوچستان کے شمالی ضلع ژوب اور دیگر ملحقہ علاقوں کے آسمان پر اڑان بھرتے دیکھے جا سکتے ہیں، یہ مہمان پرندے تقریباً ساڑھے چار ہزارکلومیٹرکا فاصلہ طے کرکے وسطی ایشیائی ریاستوں سے پہاڑوں، دریاؤں، میدانوں اور صحراؤں سے ہوتے ہوئے لمبی اڑانیں بھر کر ژوب پہنچے ہیں۔
قطری شاہی خاندان تلور کا شکار کرنے تھل پہنچ گیا
کونج کو محبت اور وفا کاپرندہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اگر یہ شکار یا کسی اور وجہ سے اپنا ساتھی کھو دے تو پھر دوسرا ساتھی نہیں بناتا ہے اور پھر پوری زندگی اکیلے ہی بسر کرتا ہے۔