جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان محفوظ نہیں ہیں تو منصورہ آ جائیں،یہاں امن ہے ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہو گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہرگھر میں مہنگائی سے آگ لگی ہوئی ہے،زرعی ملک میں موت سستی اور آٹا مہنگا ہے،آٹے کے حصول کیلئے قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت خود 46 فیصد مہنگائی تسلیم کرتی ہے،ایک کروڑ40ہزار افراد ڈپریشن کا شکار ہو چکے ہیں،پورا سسٹم ڈھکوسلا اور حکومت صرف سرخی پاوڈر ہے،الیکشن کمیشن نے ملک کو آئینی بحران میں مبتلا کردیا۔
پی ڈی ایم اورپیپلز پارٹی قربانی دیں، مرکزی اور سندھ اسمبلی تحلیل کریں، سراج الحق
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت لمبے عرصے کا پروگرام بنا رہی ہے،پنجاب حکومت پی ڈی ایم کا حصہ بن چکی ہے،الیکشن کیلئے سیاسی جماعتیں مذاکرات کریں۔حکومت پی ٹی آئی کے جلسے میں رکاوٹیں نہ ڈالے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لیں،کراچی میں جیالے کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو یہ بغاوت ہو گی۔