پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کی جانب سے گزشتہ روز سے زمان پارک لاہور میں آپریشن کیا گیا۔
اس دوران مختلف ریلیوں کی صورت میں زمان پارک میں پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار پی ٹی آئی کی خاتون کارکن کو پیلٹ گن کا نشانہ بناتا ہے جسے بچانے کے لیے ایک نوجوان فورا ان کی ڈھال بن جاتا ہے۔
یہ عثمان جوڑا ہے گجرات یوتھ ونگ کا پریزیڈنٹ pic.twitter.com/xUZy7VraT8
— Shanila Afroz (@ShanilaAfroz) March 15, 2023
سوشل میڈیا پر اس نوجوان کی بہادری کو خوب سراہا جا رہا ہے، یہ نوجوان کون ہے؟ ہم نیوز نے اس کا پتہ چلا لیا ہے۔
خاتون کو پیلٹ گن فائر سے بچانے والے نوجوان کا نام عثمان سعید جوڑا ہے جو انصاف یوتھ ونگ گجرات کے صدر ہیں۔
اس واقعے سے متعلق ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیلنگ ہو رہی تھی، سیدھا پیلٹ گن کے فائر مارے جا رہے تھے، میں نے دیکھا ہماری خاتون کارکن پر فائر کئے جا رہے جس پر میں نے پولیس سے کہا کہ شرم کریں خاتون کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میں پولیس نے پھر فائر کیا تو میں خاتون کی ڈھال بن گیا اور انہیں پیچھے چھوڑ پر پھر آگے آ گیا۔
عثمان سعید سے جب پوچھا گیا کہ آپ کو ایسا کرنے سے ڈر نہیں لگا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ خاتون میری بڑی بہن کی طرح ہیں، جب آپ سمجھتے ہیں کہ کسی انسان کی جان بہت قیمتی ہے تو آپ کو ڈر نہیں لگتا۔