لاہور میں کشیدہ حالات کے باعث پی ایس ایل میچز کا انعقاد اور ٹیموں کی اسٹیڈیم روانگی مسئلہ بن گئی۔
چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کی کوششوں کے بعد لاہور میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
لاہور کے کشیدہ حالات کے باعث پی ایس ایل انتظامیہ پریشانی میں مبتلا ہیں۔ پی ایس ایل پروگرام کے مطابق آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے مابین اہم میچ شام 7 بجے شیڈول ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان گرفتاری کا مشن جاری،زمان پارک ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا
مال روڈ کے نجی ہوٹل میں قیام پذیر ٹیموں نے جس روٹ سے اسٹیڈیم کی طرف موڑنا ہے، یہ وہ ہی راستہ ہے جہاں اس وقت پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے موجود ہے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ٹیموں کی اسٹیڈیم روانگی ممکن ہوسکے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیموں کے شیڈول پریکٹس سیشن بھی منسوخ کردیے گئے تھے۔
تاہم پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وہ میچز شیڈول کے مطابق کروانے کے لیے پرعزم ہیں