توشہ خانہ، نواز شریف نے قیمتی گاڑی کے صرف چند لاکھ ادا کئے،مزید کیا کچھ رکھا؟


نواز شریف نے توشہ خانہ سے 42 لاکھ سے زائد مالیت کی گاڑی چند لاکھ روپے ادا کرکے رکھ لی۔

اس کے علاوہ انتہائی قیمتی گھڑی، کف لنکس، گلاس کا سیٹ اور قالین بھی حاصل کیا۔ سابق وزیراعظم نے 11 لاکھ 85 ہزار مالیت کی گھڑی رکھی۔

انہوں نے 25 ہزار روپے مالیت کے کف لنکس اور ایک عدد قلم بھی رکھا،نواز شریف نے 15 ہزارمالیت کے 4 کویتی یادگاری سکے بھی توشہ خانہ سے حاصل کیے۔
سابق وزیراعظم نے ان تینوں اشیا کے لئے 2 لاکھ 43 ہزار روپے ادا کیے۔

ان کو ملنے والی کار کی مالیت 42 لاکھ55 ہزار 919 روپے لگائی گئی جو انہوں نے 6 لاکھ 36 روپے ادا کر کے رکھ لی۔

واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے 2002 سے لے کر اب تک کے توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ پبلک کر دیا ہے۔

446 صفحات پر مشتمل 2002 سے لے کر 2023 کے ماہ رواں تک توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ جاری کیا گیا ہے جس میں صدر، وزراء اعظم اور وفاقی وزرا کے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات شامل ہیں، رواں سال 2023 میں موجودہ حکومت نے 59 تحائف وصول کیے ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں توشہ خانہ میں 224 تحائف موصول ہوئے، 2021 میں 116 تحائف، 2018 میں 175 تحائف اور 2014 میں 91 جب کہ 2015 میں 177 تحائف حکومتی ذمہ داران نے وصول کیے۔


متعلقہ خبریں