لاہور: قومی اسمبلی کی نشست این اے 130 لاہور کی عوام نے اپنی آرا کے ذریعے انتخابات سے قبل ہی فیصلہ سنا دیا۔
لاہور میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 130 پر ہم نیوز کی جانب سے عوامی سروے کیا گیا جس کے دلچسپ نتائج سامنے آئے تاہم عوام مہنگائی کے باعث شدید پریشان دکھائی دیئے۔
مذکورہ نشست پر مسلم لیگ ن کی جانب سے وحید عالم جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کو میدان میں اتارا گیا ہے اور اس نشست پر ان دونوں کے درمیان ہی کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔
این اے 130 مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کا حلقہ ہے جو 3 بار وزیر اعظم اور 2 بار وزیر اعلیٰ پنجاب رہے۔ نواز شریف نے 2013 میں اس نشست سے الیکشن لڑا تو ان کے مدمقابل یاسمین راشد ہی تھیں۔ نواز شریف نے 92 ہزار ووٹ حاصل کر کے یاسمین راشد کو شکست دی جنہوں نے 51 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔ نواز شریف کے نااہل ہونے پر اس نشست سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز نے انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کا وزیر اعظم کو جلد بازی نہ کرنے کا مشورہ
اس حلقے کی عوام کا کہنا تھا کہ لاہور میں تمام ترقیاتی کام نواز شریف نے ہی کیے ہیں اس لیے ووٹ نواز شریف کے لیے ہی بنتا ہے۔ مسلم لیگ ن پرانی اور تجربے کار پارٹی ہے جنہوں ںے ملک کے لیے بہت زیادہ ترقیاتی کام کیے ہیں۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومتوں اور دیگر پارٹیوں کی حکومتوں کے درمیان ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے تو ملک بھر میں سب سے زیادہ کام مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ کیخلاف بات نہیں کرنی چاہیئے، شاہد خاقان عباسی
مذکورہ نشست پر پی ٹی آئی کے ووٹرز کی بھی تعداد کم نہیں تھی۔ حلقے کی عوام نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا اور ملک میں تبدیلی نظر بھی آئی۔ اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے جس کی ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے اور اس مہنگائی کو عمران خان ہی ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
این اے 130 میں عوام کی کثیر تعداد تمام پارٹیوں کی کارکردگی سے نالاں بھی نظر آئی۔ بیشتر لوگوں نے ووٹ نہ دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے ساتھ کوئی بھی مخلص نہیں سارے ہی کرپٹ ہیں اور انہوں ںے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے۔