کون بنے گا این اے 50 اٹک کا سکندر، دلچسپ نتائج


اٹک: پنجاب کے ضلع اٹک میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 50 میں عوامی سروے کے دوران شہریوں ںے انتخابات سے قبل ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔

ہم نیوز ڈیجیٹل کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 50 میں انتخابی نتائج جاننے کے حوالے سے سروے کیا گیا۔ اٹک میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک سہیل کمڑیال اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری کے درمیان انتخابات میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ انتخابات میں اس نشست سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک سہیل کمڑیال کامیاب ہوئے تھے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ اب اس حلقے سے کون سی جماعت کامیاب ہوتی ہے۔

انتخابی سروے کے دوران مسلم لیگ ن کے حامیوں کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی گزشتہ حکومت میں بہت سکون تھا اور مہنگائی نہیں تھی تاہم عمران خان کی حکومت کے آتے ہی مہنگائی کو پر لگ گئے اور شروع ہونے والی مہنگائی اب کسی کے قابو میں ہی نہیں ہے۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات عمران خان کر کے گیا تھا جس کے اثرات اب تک آ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے دور میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو گرفتار کیا تو معاملات ہاتھ سے نکل جائیں گے، فواد چودھری

پی ٹی آئی کے حامیوں نے عمران خان کو ملک میں مسائل کا نجات دہندہ قرار دیا۔ کہتے ہیں کہ عمران خان کے سوا تمام لوگ کرپٹ ہیں اور عمران خان ہی اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری کو پہلی بار کسی نے اگر نکیل ڈالی ہے تو وہ عمران خان ہی ہے۔ لوگ حکومتی پالیسیوں سے نالاں نظر آئے۔

دوسری جانب لوگوں نے تمام سیاستدانوں کو ایک جیسا ہی قرار دیا اور ووٹ کسی کو بھی نہ دینے کا ارادہ کیا۔ ووٹرز کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کسی بھی سیاستدان نے بہتر کرنے کی کوشش نہیں کی اور آئندہ بھی کوئی بہتری ہوتی نظر نہیں آ رہی۔


متعلقہ خبریں