عمران خان کو نکالنے میں امریکہ کو کوئی کردار نہیں رہا، سلیم صافی


اسلام آباد: سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا ہے کہ عمران خان کو نکالنے میں امریکہ کو کوئی کردار نہیں رہا۔

سینئر صحافی سلیم صافی نے ہم نیوز کے پروگرام “پاور پالیٹکس” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے امریکہ کا کبھی کچھ نہیں بگاڑا۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے عمران خان کو نکالنے میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں رہا ہے البتہ وقت یہ ثابت کرے گا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو ٹھکانے لگانے اور عمران خان کو اقتدار میں لانے میں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ساتھ امریکہ کا بھی کچھ نہ کچھ کردار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے گی، اعلان جلد ہو گا، شہباز شریف

سلیم صافی نے کہا کہ عمران خان اپنے نکالنے جانے کی بات کرتے ہیں لیکن لانے کی بات نہیں کرتے۔ سب جانتے ہیں عمران خان کو اقتدار نہ صرف اسٹیبلشمنٹ لائی بلکہ انہیں چلایا بھی اسٹیبلشمنٹ نے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے سی پیک کو تباہ کرنے اور چین کو مایوس کرنا امریکہ کو پسند تھا لیکن اب عمران خان نے چونکہ خود یہ مان لیا کہ امریکہ کا کردار نہیں تھا تو اب عدالت کا فرض ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھے کہ ایک بندے نے ان کے ساتھ اور ملک کے ساتھ کیا کچھ کیا ہے ورنہ اپوزیشن کو بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہے جو ان کے خلاف آرٹیکل 5 کے تحت اقدامات کیے گئے۔

سینئر صحافی نے کہا کہ ایک غلطی کا جواب دوسری غلطی سے نہیں دیا جا سکتا اور ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اس کو آئین کی روح اور قانون کے مطابق چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات 90 روز میں ہونے چاہیئیں لیکن لگتا ہے کہ حکومت کوشش کر رہی ہے صوبائی انتخابات وقت پر نہ ہوں بلکہ قومی اور صوبائی انتخابات ایک ساتھ ہوں۔


متعلقہ خبریں