ترکیہ زلزلہ:پاکستانی ریسکیو ٹیم نے ملبےسے 6افراد کو زندہ بچالیا


 پاکستان کی ریسکیو ٹیم نے ترکیہ میں زلزلے کے بعد کامیاب سرچ آپریشنز کرتے ہوئے ملبے تلے دبے 6 سے زائد افراد کو زندہ نکال لیا۔

حکومت اور افواج پاکستان کا ترکیہ کے بھائیوں کی امداد کا مشن جاری ہے۔ پاک آرمی کی ریسکیو ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر 51 سے زاٸد جگہوں پر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن میں سرگرم عمل ہیں۔ چھ سے زاٸد افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔

پاکستان آرمی کی سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے نو سال کی بچی کو ایک سو دو  گھنٹوں کے بعد ملبے سے زندہ نکال لیا۔ ریسکیو ٹیم نے 14سال کے لڑکے کو زندہ بچا لیا جو پاک آرمی ریسکیو ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔ملبے تلے دبے 5 زندہ افراد کی بھی نشاندہی کی گئی جنہیں مقامی ریسکیو ٹیموں نے بچا لیا۔

پاکستان ریسکیو ٹیم اقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفائیڈ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی واحد خاتون ممبر دیبا شہناز اختر نے پرخطر آپریشن کے بعد ایک 50 سالہ خاتون کو بحفاظت ملبے کے نیچے سے نکالا۔

ترک بھائیوں کی امداد  کے لئے این ڈی ایم اے مصروف عمل ہے۔ ساڑھے سات ٹن سے زاٸد خیموں اور دیگر سامان کی کھیپ پر پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے روانہ کی گئی۔ اسکے علاوہ لاہور سے  اڑنے والا امدادی سامان پر مشتمل پی اے ایف کا طیارہ ترکیہ پہنچ گیا۔ امدادی سامان زلزلہ زدگان میں تقسیم کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ ترکی اور شام میں سوموار کو آنے والے زلزلے کے بعد اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں