لاہور: مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پرویز الہٰی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔
مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پرویز الہٰی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ شوکاز میں کہا گیا کہ صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کرسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: 271 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ آپ سے آپ کےغیرآئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت مانگی جاتی ہے۔ مسلم لیگ ق بحیثیت سیاسی جماعت اپنا تشخص اور ووٹ بینک رکھتی ہے۔
نوٹس کے مطابق مسلم لیگ ق پارٹی ڈسپلن اور منشور و ضابطہ رکھتی ہے جبکہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی آپ کے میڈیا بیانات سے معلوم ہوتی ہے۔ چودھری پرویزالہٰی کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 7 دن میں وضاحت دیں۔
چودھری شجاعت حسین کی جانب سے مونس الہٰی، حسین الہٰی اور سینیٹر کامل علی آغا کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ پتہ چلا ہے آپ کسی اور سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ یہ نشستیں اور عہدے آپ کے پاس مسلم لیگ ق کی امانت ہیں لیکن اگر آپ کسی اور سیاسی جماعت میں جانا چاہتے ہیں تو پارٹی کی امانت واپس کر دیں۔
نوٹس میں لکھا گیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی نشستوں سے مستعفی ہوں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں مسلم لیگ ق آپ کو ڈی سیٹ کرا دے گی۔
شوکاز نوٹس سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ق کی جانب سے جاری کیا گیا۔