سری لنکا میں تنخواہوں اور پنشن کے لالے پڑ گئے


کولمبو: سری لنکا میں معاشی بحران کے باعث سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کے بھی لالے پڑ گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حال ہی میں دیوالیہ ہونے والے ملک سری لنکا کے نئے صدر نے حکومتی اخراجات میں 5 فیصد تک کمی کرنے کا اعلان کر دیا۔

سری لنکن صدر رانیل وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ملکی خزانہ تیزی سے خالی ہو رہا ہے جبکہ ٹیکسوں میں زبردست اضافے کے باوجود تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے۔

سری لنکن صدر نے حکومتی اخراجات میں کٹوتیوں کا بھی اعلان کر دیا اور کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بیل آؤٹ پیکج کے لیے بات چیت کر رہے ہیں تاہم اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا مزید اسرائیلی جاسوسوں کی گرفتاری کا دعویٰ

رانیل وکرما سنگھے نے کہا کہ خط غربت سے نیچے 18 لاکھ خاندانوں کو دی جانی والی مالی امداد بھی تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے اور معاشی بحران ہماری توقعات سے بھی بدتر ہونے والا ہے۔

واضح رہے کہ ڈالرز کی شدید کمی کے باعث سری لنکا قرضہ ادا نہ کرنے کے باعث دیوالیہ ہو گیا تھا اور ملک میں دواؤں سمیت پیٹرول خریدنے کے لیے بھی ڈالرز نہیں تھے جس پر ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور اُس وقت کے وزیر اعظم کو ملک سے فرار ہونا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں