وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے جمع کرائی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 180 ارکان ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ہیں اور ایک آزاد رکن کی حمایت کے ساتھ حکومت کے پاس 191 ارکان کی اکثریت ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 167 اور پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں جبکہ 5 آزاد ارکان اور راہ حق پارٹی کے ایک رکن کے ساتھ اپوزیشن کے پاس بھی 180 ارکان ہیں۔

دوسری جانب گورنر پنجاب نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے ایڈوائس بھجوا دی۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے ایڈوائس پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم کو بھجوا دی گئی۔

گورنر پنجاب کی جانب سے بھجوائی گئی ایڈوائس مہر بند لفافے میں بھیجی گئی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ کو حکم دیا ہے بدھ کو 4 بجے اعتماد کا ووٹ لیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کے پاس اکثریت نہیں ہے اور ق لیگ کے ارکان سے متعلق فیصلہ پارلیمانی پارٹی نے کرنا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ہم ووٹنگ کرا دیں گے یہ لوگ بھی اپنا ووٹ پورا کریں۔ ن لیگ کے پاس 170 یا 172 سے زیادہ نمبرز نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ق لیگ اسمبلیاں تحلیل نہیں کرتی تو ہمارے پاس پلان بی موجود ہے، فواد چودھری

اس سے قبل عمران خان نے کہا ہے کہ چودھری پروز الہیٰ اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ لے جاتے ہیں تاہم انہوں نے سمری پر دستخط کر مجھے جمع کرا دی ہے اور ہم جب چاہیں اسمبلیاں توڑ دیں گے۔


متعلقہ خبریں