گرے لسٹ سے نام خارج، اور بھی خوشخبریاں آئیں گی، وزیراعظم کی قوم کو مبارک باد


وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کا نام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے نکلنے  قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے بیغام میں انہوں نے کہا کہ  یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی ، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے ، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیاہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ۔

فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ ، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارکباد دیتے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا ، الحمدللہ! نوازشریف کے دور کی طرح ایک بار پھر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ’این آراو‘ کی تہمتیں برداشت کرکے قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن میں بھی ہم نے اس معاملے پر پورا تعاون کیا، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آج یہ کامیابی عطا فرمائی ۔

انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، آنے والے وقت میں ملک و قوم کے لئے اور بھی خوشخبریاں آئیں گی۔

 


متعلقہ خبریں