اسلام آباد: صدر ممنون حسین کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد الیکشن کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 86 ہزار 436 ہو گی جبکہ 2 لاکھ 85 ہزار سے پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک بھر کے 20 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا (کے پی) میں سب سے زیادہ سات ہزار 386 اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ پنجاب اوراسلام آباد میں پانچ ہزار 568، سندھ میں پانچ ہزارسات سو 76 اور بلوچستان میں ایک ہزار780 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ عام انتخابات میں نو لاکھ افراد پر مشتمل انتخابی عملہ تعینات کیا جائے گا، 133 ڈی آر اوز اور 993 آر اوز کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پریذائڈنگ آفیسرز کی تربیت 25 جون سے 15 جولائی تک جاری رہے گی۔
