اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری، مریضوں میں اضافہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری ہیں اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے وار تیز: مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے مزید 128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 553 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ چار افراد کی اموات بھی ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے تحت صوبہ پنجاب میں صرف ایک دن کے اندر 164 نئے مریضوں نے اسپتالوں کا رخ کیا ہے، نئے مریضوں میں سے 67 کا تعلق لاہور سے ہے جب کہ 63 راولپنڈی اور 13 گوجرانوالہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق خانیوال، ساہیوال، وہاڑی اور فیصل آباد سے بھی دو/ دو نئے ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں ڈینگی کے کاری وار جاری، ادویات نایاب ہو گئیں

صوبہ خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 205 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال اب تک ڈینگی کے صوبے میں 3210 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جب کہ چار مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 161 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اعداد و شمار کے تحت ضلع وسطی میں 48، ضلع شرقی میں 36، ضلع کورنگی میں 32، ضلع جنوبی میں 25 اورضلع غربی میں 4 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

 کراچی میں ڈینگی سے ایک دن میں 7 افراد جاں بحق

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ستمبر میں اب تک ایک ہزار 66 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر شہر قائد میں سال رواں کے دوران اب تک 3434 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ ڈینگی سے متاثرہ 9 مریضوں کی اموات ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں