مقبول گجر کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ناکام، خطرناک ارادے ظاہر ہو گئے، عطا تارڑ


لاہور: پنجاب کے وزیر داخلہ عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مقبول گجر کی پنجاب میں داخلے پر پابندی کے باوجود داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اس سے ان کے خطرناک ارادے ظاہر ہو گئے۔

صوبائی وزیر داخلہ عطا تارڑ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر پر پنجاب میں داخلے پر پابندی قانونی طور پر لگائی گئی ہے لیکن پابندی کے باوجود مقبول گجر کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ان کے مذموم مقاصد کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبول گجر کے پنجاب میں داخلے کے منصوبے سے ان کے خطرناک ارادے ظاہر ہو گئے جبکہ ہمیں خدشہ تھا کہ اسلحہ سے لیس جتھے پختونخوا اور آزاد کشمیر سے پنجاب آئیں گے۔ ان کا ارادہ تھا کہ ضمنی الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان حکومت نے ہر سال 3 ہزار 500 ارب روپے کا خسارہ کیا، وزیر خزانہ

عطا تارڑ نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے دوران کسی کو بدامنی پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں ہے اور اسلحہ سے لیس جتھوں کو کسی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اسلحہ سے لیس لوگوں کے خلاف پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش کی گئی یا اسلحہ برآمد ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا اور اسلحہ بردار لوگوں کو فوراً گرفتار کیا جائے گا۔ الیکشن کے دوران امن و امان قائم کرنا پنجاب حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں