وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پی ٹی وی اینکر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ اینکر نے دورہ اپنی ذاتی حیثیت میں کیا تھا، فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہ آئی ہے نہ آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین پر پاکستان کی ریاستی پالیسی واضح اور قائداعظم کے فرمودات پر مبنی ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا اہم پالیسی بیان@Marriyum_A pic.twitter.com/g54cuBjM6E
— PTV News (@PTVNewsOfficial) May 30, 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا۔ پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے۔وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے استصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں، دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے۔
مزید کہا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں، بیت المقدس دارالحکومت اور جغرافیائی وحدت کی حامل فلسطینی ریاست کا وعدہ پورا کیاجائے۔
انہوں نےکہا کہ مقبوضہ فلسطین اور جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین امور ہیں جن کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔ مقبوضہ فلسطین اور غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھیں گے۔