عثمان بزدار اور کابینہ بحال، کابینہ کا اجلاس طلب


 گورنر  پنجاب  عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی نے عثمان بزدار اور کابینہ بحال ہونے کا دعویٰ کر دیای۔  کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا  گیا۔

پی ٹی آئی رہنما مراد  راس کا کہنا ہے  کہ گورنرعمر سرفرازچیمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  اور ان کی کابینہ کو بحال کردیا۔پنجاب کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ  گورنر پنجاب سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا ہے۔

خط  کے مطابق استعفی آئین کے آرٹیکل 130کی ذیلی سیکشن8کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔سردار عثمان بزدار کا استعفی وزیر اعظم کو بھجوایا گیاجو آئینی طور پر غلط ہے۔عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں۔

دوسری جانب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس منعقد کی جارہی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب وزیراعلی سے حلف لیں گے۔

یاد رہے کہ 16 اپریل  کو پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں حمزہ شہباز 197 ووٹوں کے ساتھ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے ۔پی ٹی آئی اور ق لیگ نے ووٹنگ کے عمل کو ماننے سے انکار کیا تھا۔ گورنر پنجاب نے حمزہ شہباز سے حلف نہیں لیا۔

حمزہ شہباز نےحلف کیلئے پہلی پٹیشن 22 اپریل کو دائر کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے صدر کو حمزہ شہباز سے حلف لینے یا نمائندہ مقرر کرنے کا حکم دیا۔

دوسری پٹیشن 27 اپریل کو دائر کی گئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اٹھائیس اپریل تک گورنر پنجاب کو ہرحال میں حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دیا۔

عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے بعد عدالت نے تیسری پٹیشن پر اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دیا۔


متعلقہ خبریں