امریکہ کی یوکرین کیلئے مزید 80 کروڑ ڈالر فوجی امداد کا اعلان

فائل فوٹو


واشنگٹن: امریکہ نے یوکرین کے دفاع کے لیے 80 کروڑ ڈالر کی اضافی فوجی امداد دینے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی حملے کے خلاف یوکرین کو مزید فوجی امداد دینے کا اعلان امریکی صدر جو بائیڈن نے کیا۔ نئی فوجی امدد میں بھاری آرٹلری کے لیے گولہ بارود کے ایک لاکھ 44 ہزار راؤنڈ اور مشرقی یوکرین ڈونباس کے علاقے میں بڑھتی ہوئی لڑائی میں یوکرینی فورسز کی امدد کے لیے ڈرونز طیارے بھی شامل ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ گزشتہ ماہ کانگریس نے یوکرین کے لیے 13.6 ارب ڈالر کی امداد کی منظوری دی تھی۔ یہ امداد براہ راست،”آزادی کی اولین صفوں” کو مہیا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقی یوکرین میں آئندہ دنوں میں لڑائی شدید ہونے کا خدشہ

انہوں نے کہا کہ روسی صدر پوٹن انتظار میں ہیں کہ یوکرین کے معاملے میں ہماری دلچسپی کم ہو جائے اور روسی صدر کو یقین ہے کہ مغرب کے اتحاد میں دراڑ آجائے گی لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

جو بائیڈن نے مزید کہا کہ روس سے تعلق رکھنے والے تمام بحری جہازوں کے امریکی بندرگاہوں میں داخلے پر پابندی ہو گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس المناک اور تباہ کن جنگ کا انتخاب روس نے کیا ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی، یوکرین کی عوام اور ان کے ملک  کے دفاع میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔


متعلقہ خبریں