سندھ ہاؤس میں لوگ نوٹوں کی بوریاں لے کر ضمیر خریدنے بیٹھے ہیں، وزیر اعظم


سوات: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس میں لوگ نوٹوں کی بوریاں لے کر ضمیر خریدنے بیٹھے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میرے لیے بہت خوشی کا دن ہے اور میں نے صبح اٹھ کر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ ہم تین سال سے اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری کے لیے کوششیں کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلامو فوبیا کے خلاف طویل جدوجہد کی۔ اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد خوش آئند ہے۔ ہماری کوششیں رنگ لائیں اور اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہو گئی۔ پاکستان کی قرارداد 57 ملکوں نے مل کر اقوام متحدہ میں پیش کی۔

عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کا سب سے زیادہ نقصان مغربی ممالک میں موجود مسلمانوں کو ہونا تھا لیکن اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا پر قرارداد منظور ہونا امت مسلمہ کی بڑی کامیابی ہے۔ نائن الیون کے بعد اسلام اور دہشت گردی کو جوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلامو فوبیا پر کبھی بات نہیں کی اور وہ ہر حکومت میں شامل ہوتے رہے۔ مولانا فضل الرحمان نے دین کے نام پر سیاست کی ہے جبکہ نواز شریف پرچیاں لے کر امریکی صدر کے سامنے بیٹھے تھے وہ ایک پرچی اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھی ساتھ رکھ لیتے۔ کیا کبھی سابق حکمرانوں نے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا پر بات کی ؟

وزیر اعظم نے کہا کہ جو پیسوں کی پوجا کرتے ہیں ان کی امریکی صدر کے سامنے کانپیں ٹانگیں گی لیکن عمران خان امریکی صدر سمیت سب کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتا ہے۔ 30 سال سے جو باریاں لیتے رہے ان سے پوچھتا ہوں انہوں نے کبھی اسلامو فوبیا پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لے کر بیٹھے ہیں یہ سندھ کے عوام کا پیسہ سندھ ہاؤس لے کر آئے ہیں اور لوگوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ بے شرمی سے ہمارے اراکین قومی اسمبلی خریدے جا رہے ہیں۔ ان کو ڈر ہے کہ عمران خان مزید تھوڑی دیر رہا تو یہ سب جیلوں میں ہوں گے۔ چوری کے پیسے نے انہیں غلام بنا دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آنے والے دن پاکستان کی تاریخ کے فیصلہ کن دن ہوں گے اور ایک گیند سے تین وکٹیں گراؤں گا۔ آنے والے دن پاکستان کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن دن ہیں اور آج یہ اس چیز سے خوفزدہ ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے۔ یہ تین چوہے شکار کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں لیکن میں ان کا شکار کر کے دکھاؤں گا۔ شیروں کا سردار جس کا سردار نواز شریف جیسا گیدڑ ہو وہ ہار جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا ہوا کہ 3 بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کے بچے کہیں کہ ہم پاکستانی نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ ہارس ٹریڈنگ کی آئین میں اجازت ہے ؟


متعلقہ خبریں