وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پیر کو قوم سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد میں جسلے سے خطاب کے دوران اسدعمر نے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب کا انتظار کریں ، وہ قوم کو خوشخبری دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطاب سن کر آپ کو بھی خوشی ہوگی کہ ایک سچا اور محب وطن لیڈر اپنے عوام کا درد رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم رات کو جاگ کر روس سے واپس پہنچے ، اسی دوپہر میٹنگ کی ، چھٹی والے دن بھی کام کررہے ہیں۔
نیا پاکستان کسی کے سامنے سر جھکانے کیلئے تیار نہیں، اسد عمر
اسد عمر نے کہا کہ نیا پاکستان کسی کے سامنے سر جھکانے کیلئے تیار نہیں ہے، ساڑھے تین سال سے ایک نیا پاکستان نظر آ رہا ہے، اس وقت پاکستان کی عزت ہو رہی ہے۔
جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب نئے پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ ہوتا ہے تو جواب نا میں ہوتا ہے ، عمران خان نے کہا ہم امن کے فروغ کیلئے ہر کسی کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ کسی کی چوری کی دولت کو چھپانے کیلئے ملکی مفادات کو قربان نہیں کریں گے، آج کل دوبارہ سے لانگ مارچ کی باتیں ہو رہی ہیں، ہمیشہ میں سردیوں میں نئی نئی بیماریاں آتی ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردیاں شروع ہوتی ہیں تو پی ڈی ایم کی بیماری بھی آ جاتی ہے، پی ڈی ایم کی بیماری بھی ختم ہوجائے گی کوئی نقصان نہیں پہنچائے گی، سردیاں ختم ہوتے ہی پی ڈی ایم بھی ختم ہو جاتی ہے۔