کرنل جوزف کی واپسی کیلئے دیت کا علم نہیں، دفتر خارجہ


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی نوجوان کو گاڑی تلے کچل کر مارنے والے امریکی سفارتکار کی واپسی پر دفتر خارجہ نے دیت سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کے روز ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ کرنل جوزف کو سفارتی استشنی حاصل تھا، وہ واپس چلے گئے تاہم دیت کے معاملے کا علم نہیں ہے۔

پاکستانی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران پر یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ پاکستان ایران اور پی فائیو معاہدے کی حمایت کرتا رہا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر دو ریاستی حل اور مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کا اصولی مؤقف اپنایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیا کے صدر کی پیشکش پر ہمارے علمائے کرام نے انڈونیشیا میں منعقدہ انسداد  دہشت گردی کانفرنس میں شرکت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کی نظر مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا پاکستان کے حوالے سے غیرمعمولی طور پر فعال رہتا ہے لیکن اب ہندوستان کے اندر  مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں شوپیاں میں گزشتہ ماہ 40 سے زائد شہادتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا ہے۔


متعلقہ خبریں