سیاسی بے روزگاروں نے ملک کو تباہ کیا، فرخ حبیب


اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سیاسی بے روزگاروں نے ماضی میں ملک کو تباہ کیا۔

وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جو سیاسی بے روزگار ہیں انہوں نے ماضی میں ملک کو تباہ کیا کیونکہ اگر انہوں نے عوام کے لیے کچھ کیا ہوتا تو عوام انہیں مسترد نہ کرتے۔ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد عالمی سطح پر صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ لوٹ مار کرنے والوں کو جواب دینا ہو گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ماضی میں ملک کے اندر لوٹ مار کرتے رہے۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور وزیر اعظم کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کرچکے ہیں اور گھی کی قیمتوں میں کمی لا رہے ہیں جبکہ 25 فیصد گنے کی فصل کی پیدوار میں اضافہ ہوا ہے اور کاٹن کی فصل میں بھی 60 فیصد اضافہ ہو گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کسان کی مدد کرنے کے لیے کسان کارڈ لائے ہیں اور محدود وسائل والے طبقے کے لیے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ پاکستان کی ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان اسمگلنگ کے باعث ڈالر کی قیمت بڑھی، فواد چودھری

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہتے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف ہی احتجاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال فوڈ سرپلس ہو جائے گا۔ سندھ میں پنجاب سے مہنگا آٹا فروخت ہو رہا ہے اس لیے بلاول بھٹو کو چاہیے کہ سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کریں۔ کورونا کے دوران ہم نے احساس پروگرام کے تحت پیسے تقسیم کیے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کے فور کا منصوبہ وفاقی حکومت بنا رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو جعلی اکاؤنٹس بنا رہے ہیں اور پیسہ باہر بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اسد عمر کی قیادت میں بہترین کام کیا ہے، ہمارے تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور حکومت اپنا وقت پورا کرے گی۔ پوری قوم کی دعائیں کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔


متعلقہ خبریں