آریان خان کی گرفتاری کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ؟


 بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے پیچھے مبینہ طور پر حکومتی جماعت بی جے پی کا ہاتھ ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر حکومت میں کابینہ کے وزیر اور این سی پی رہنما نواب ملک نے الزام لگایا ہے کہ آریان خان کی گرفتاری کا مقصد بالی ووڈ اور مہاراشٹر حکومت کو بدنام کرنا ہے۔

نواب ملک نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جو شخص آریان خان کے دوست ارباز مرچنٹ کے ساتھ ویڈیو میں نظر آ رہا ہے وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا کارکن منیش بھانوشالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منیش بھانوشالی فیس بک پروفائل میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے کئی سینیئر لیڈروں کے ساتھ تصاویر موجود ہیں اور یہ شخص ارباز مرچنٹ کا ہاتھ پکڑ کر لاتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آریان خان کی گرفتاری کے بعد جو تصویر وائرل ہوئی تھی وہ کے پی گوساوی نامی شخص نے لی تھی۔

ان الزمات کی بنیاد پر نواب ملک نے آریان خان کی گرفتاری  سے متعلق پورے کیس کو جعلی قرار دیا ہے۔


متعلقہ خبریں