کورونا کی آئندہ لہر بھارت کو تباہ کر دے گی، ڈاکٹر مہیش


نئی دہلی: بھارت کو کورونا کی آئندہ لہر تباہ کر دے گی جس میں بچے زیادہ متاثر ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور روزانہ سینکڑوں افراد کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں تاہم بھارت میں آئندہ لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے جس میں بچے زیادہ متاثر ہوں گے۔

بھارت کے ڈاکٹر مہیش شرما چئیرمین و ایم ڈی کیلاش گروپ آف اسپتال نے ایک سیمینار میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں کورونا کی آئندہ لہر ضرور آئے گی۔ اس کی شدت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن اس کی پیشگی تیاریوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی آئندہ لہر زیادہ نقصان کرے گی اور خاص کر اس دفعہ بچے زیادہ متاثر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے تحفظ کے لیے کیپسول تیار: نتائج حوصلہ افزا

ڈاکٹر مہیش شرما نے کہا کہ جب ہم نے کورونا کی آمد پر تھالیاں بجائیں اور سنکھ پھونکے تو لوگ ہم پر ہنسے تھے لیکن پچھلی مصیبتوں سے ہم نے سیکھا ہے اور دعا ہے کہ اگلی لہر نہ آئے لیکن ہم آئندہ لہر سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں 40 سالوں سے اس پیشے سے وابستہ ہوں لیکن کبھی نہیں دیکھا کہ دوائی، آکسیجن اور اسپتالوں میں بیڈ حتیٰ کہ شمشان گھاٹ میں بھی جگہ کم پڑ گئی۔اس وقت زیادہ تر بالغ افراد کو ویکسین لگ چکی ہے اور ان کی قوت مدافعت بھی طاقت پکڑ چکی ہے لیکن اب بوسٹر ڈوز نہ لگنے کے باعث جہاں قوت مدافعت کم ہو گی وہیں بچے اب آئندہ لہر کا آسان شکار بن سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں